قومی اوسط 3.5فیصد سے زیادہ، اسمبلی میں اعدادوشمار پیش
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے پیر کو قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس وقت بے روزگاری کی مجموعی شرح 6.7 فیصد ہے، جو کہ قومی اوسط 3.5 فیصد سے کافی زیادہ ہے۔ایم ایل اے مبارک گل کے ذریعہ اٹھائے گئے سوال کے تحریری جواب میں معلومات کا اشتراک کرتے ہوئے حکومت نے بتایا ہے کہ متواتر لیبر فورس سروے (PLFS) کے مطابق، جموں و کشمیر میں 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میں بے روزگاری کی شرح میں پچھلے کچھ سالوں میں اتار چڑھا دیکھا گیا ہے، جو مسلسل قومی اوسط سے اوپر ہے۔ایوان کو مزید مطلع کیا گیا کہ مشن یووا کے تحت یونین ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے محکمہ روزگار کے ذریعہ پورے یونین ٹیریٹری میں ایک بیس لائن سروے کیا گیا تھا۔
سروے میں ، خاص طور پر نوجوانوں میں روزگار کے چیلنجوں کی شدت کو اجاگر کرتے ہوئے 18-60 سال کی عمر کے 4.73 لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے تقریباً 46.8 فیصد نے بتایا کہ وہ “کام نہیں کر رہے لیکن کام کرنے کے لیے تیار ہیں”۔بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے سوالات کے جواب میں حکومت نے کہا کہ روزگار کی فراہمی خاص طور پر نوجوانوں میں اولین ترجیح ہے۔ اس نے واضح کیا کہ توجہ صرف قلیل مدتی ملازمتوں کی فراہمی پر نہیں ہے بلکہ نوجوانوں کو ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت کے تخلیق کار بننے کی ترغیب دے کر پائیدار معاش پیدا کرنے پر ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ سمال بزنس ڈیولپمنٹ یونٹس کے ذریعے تقریبا 52,875 ًدرخواست دہندگان کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس تیار کی گئی ہیں۔ بینکوں کی طرف سے جانچ پڑتال کے بعد، تقریباً 47,816 درخواستوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 16,141 کو پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ حکومت نے کہا کہ تقریباً 9,500 درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔