جموں ، 17 جولائی (یو ا ین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کی نومنتخب ترجمان پریا سیٹھی نے کہا کہ جموں کے لوگوں کو اپنی شناخت اور وقار کو بچانے کے لئے بھاجپا کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اگلے اسمبلی انتخابات میں 44 پلس کا ہدف حاصل کرکے اپنے بل پر حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جموں اور لداخ کے مفادات کی خاطر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے حمایت واپس لی ہے۔ پریا سیٹھی نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر پارٹی ترجمان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’اگلے اسمبلی انتخابات میں ہماری کوشش ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر جیت حاصل کرسکیں۔ جموں کے لوگوں کو اپنی شناخت اور وقار کو بچانے کے لئے بھاجپا کا ساتھ دینا چاہیے۔ ہم مزید تین سال تک حکومت میں رہ سکتے تھے۔ لیکن ہم نے جموں اور لداخ کے مفادات کی خاطر پی ڈی پی سے حمایت واپس لی۔ ہم اگلے انتخابات میں 44 پلس کا ہدف ضرور حاصل کریں گے‘۔ سابقہ پی ڈی پی بی جے پی مخلوط سرکار میں وزیر مملکت رہ چکی پریا سیٹھی نے الزام لگایا کہ جموں اور لداخ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’جب جموں اور لداخ کو نظر انداز کیا جانا شروع ہوا تو مخلوط سرکار سے باہر آنے کی کوششیں شروع ہوئیں۔ سرکار سے باہر آنا ایک بہت اچھا فیصلہ تھا۔ یہ فیصلہ جموں کے لئے لیا گیا‘۔ انہوں نے کہا ’ہمیں جموں کے پروجیکٹوں کے لئے بہت جدوجہد کرنی پڑتی تھی‘۔ محترمہ پریا نے کہا کہ جموں وکشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن سے متعلق اسکینڈل میں ملوث لوگوں کو ضرور سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا ’سیاست کو ہمیشہ سپورٹس سے دور رکھنا چاہیے۔ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ہمارے پاس پرویز رسول جیسے کھلاڑی ہیں۔ کرکٹ اسکینڈل میں ملوث لوگوں کو سزا ملنی چاہیے‘۔ پریا سیٹھی نے کہا کہ وہ بحیثیت پارٹی ترجمان اپنی خدمات پوری ایمانداری اور لگن سے انجام دیں گی۔ انہوں نے کہا ’لوگوں تک سچائی اور بات پہنچانا میرا کام ہے۔ آج پارٹی نے یہ عہدہ دیا ہے تو کچھ سوچ کر ہی دیا ہوگا۔ میں پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ اپنا کام انجام دوں گی‘۔ یو این آئی