جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی سے بے دخل کئے گئے سابقہ ممبراسمبلی آرایس پورہ گگن بھگت نے بی جے پی کی ریاستی لیڈر شپ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی ریاستی لیڈر شپ دلت مخالف ہے. انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی لیڈر شپ نے ہمیشہ دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا ہے اور مجھے دلت ہونے کاخمیازہ بھگتنا پڑا ہے، میں دلت تھا اس لیے مجھے پارٹی سے نکال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی لیڈر شپ نے کشمیر کا ڈر دکھا کر جموں کی عوام کو لوٹا ہے۔انہوں نے کشمیریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ’کشمیری ایک سمجھ دار قوم ہے‘جبکہ جموں کے لوگوں کو بھی کشمیر یوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہیے، کشمیر اور کشمیری دونوں ہمارے ہیں اور کشمیر یوں کے ساتھ نزدیکیاں بڑھانی چاہیں۔گگن بھگت نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 'میں ایک دلت کنبے سے تعلق رکھتا ہوں اور میں جب سے بی جے پی میں آیا ہوں تب سے ہی بھاجپا کے لیڈروں نے مجھے پل پل دلت ہونے کا حساس کروا یا۔ انہوں نے بی جے پی کی ریاستی لیڈر شپ پرسنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا 'بی جے پی کی ریاستی لیڈر ان لوگوں کو ہی وزیر بنایا جن لوگوں نے چندے(روپے) دیے، بی جے پی میں سیٹنگ کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوتا، مجھے معلوم ہے انہوں نے (بی جے پی) نے کیا کیا گپھلے کئے ہیں، کتنے لوگوں کے ٹرانسفریں کیں، کتنے لوگوں کو لوگوں کو نوکریاں دلائی ہیں، میں باری باری ان سب کی پول کھولوں گا'۔ انہوں نے کہا 'یہ( بی جیپی) والے کشمیر کا ڈر دکھا کرخود جموں کو لوٹنے میں لگے ہوئے ہیں، جو سچ بولے گا اور ان کے خلاف بولے گا وہ جموں مخالف ہوگیا، جو ان(بی جے پی) کی چاپلوسی کرے گا جموں کا خیرخواہ ہو گیا اور دیش بھگت ہو گیا'۔انہوں نے کہا 'جو ان کے خلاف بولتا ہے اس کو ہراساں کیا جاتا ہے، اشوک کول(ریاستی جنرل سیکرٹری)اور رویندر رینہ(ریاستی صدر بی جے پی) جموں کے مالک نہیں ہیں، عوام ان کو ان کی اپنی اوقات دکھا دے گی'۔ گگن بھگت نے کہا 'کشمیر کی ایک ایک انچ زمین ہماری ہے لیکن کشمیری بھی ہمارے ہیں، جموں والوں کو کشمیریوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے چاہیے، کشمیری ایک سمجھ دار قوم ہے وہ پاکستان سے پیار نہیں کرتے وہ تنگ ہیں،آج کشمیر نوجوان ان سیاسی لوگوں سے بہت زیادہ تنگ ہیں۔تاہم گگن بھگت نے وزیر اعظم نریندرمودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا 'مجھے بی جے پی کی قومی قیادت سے کوئی گلہ نہیں ہے، نریندر مودی ملک کے بہترین وزیراعظم ہیں۔