پونچھ//سرحدی علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے شروع کئے گئے باڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت بی ایس ایف کی 50بٹالین کی جانب سے کمانڈنگ افسر نریش چترویدی کی نگرانی میں کئی ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے کھنیتر نالہ میں ایک سینٹر کھولا گیاہے جس میں40امیدوار کمپیوٹر، سلائی کڈھائی کی تربیت حاصل کریں گی۔اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے دنیش پال سنگھ ڈی آئی جی راجوری ایس کیو ایچ نے شرکت کر کے اس سینٹر کی رسم افتتاح انجام دی۔اس موقعہ پر کھنیتر گائوں کی چار پنچائتوں کے سرپنچ ، پنچ ، مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور بی ایس ایف کے افسران کے علاوہ مقامی لوگ بھی موجو دتھے ۔ڈی آئی جی راجوری نے کہا کہ بی ایس ایف جہاں سرحدوں کی نگرانی کرتی ہے وہیں عوام کی فلاح و بہبودی کے کام بھی انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر سرحدی علاقوں کی عوام پچھڑ جاتی ہے اوراس بات کو ملحوض نظر رکھتے ہوئے مرکزی سرکار کی جانب سے کئی سکیمیں چلائی گئی ہیں تاکہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو با ہنر بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس ووکیشنل سنٹر سے مقامی بچوں کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ روزگار حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں ۔