سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف وزارتوں کے مرکزی سیکرٹریوں اور ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ پرگتی کے ذریعے منعقدہ 27 ویں استفساری میٹنگ کی صدارت کی ۔ ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا ۔ وزیر اعظم نے بنکنگ سیکٹر اور اس سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنے اور مختلف ریاستوں میں ریلوے ، سڑک اور بجلی سیکٹروں کے 9 بنیادی ڈھانچوں کے پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ وزیر اعظم نے مختلف ریاستوں میں نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کے سلسلے میں جاری ترقیاتی کام ، گرام سوراج ابھیان اور سوبھاگیہ سکیم کا بھی جائیزہ لیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گرام سوراج ابھیان کا پہلا مرحلہ جو 14 اپریل سے 5 مئی 2018 تک جاری رہا کی بدولت ملک کے 16 ہزار سے بھی زیادہ دیہات میں مرکزی حکومت کی 7 اہم سکیموں کی عمل آوری میں بڑی حد تک کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ گرام سوراج ابھیان کا دوسرا مرحلہ لگ بھگ 40 ہزار دیہات میں جاری ہے ۔ انہوں نے اس سکیم سے وابستہ ریاستی حکومتوں اور مرکزی حکومت سے تعلق رکھنے والے تمام افسروں سے کہا کہ وہ 15 اگست تک اس سکیم کے بہتر نتایج لوگوں کے سامنے لائیں ۔ وزیر اعظم نے سوبھاگیہ یوجنا کے تحت درج کی گئی پیش رفت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ 4 کروڑ کنبوں کو مقررہ وقت کے اندر بجلی کے کنیکشن فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ پچھلی 26 پرگتی میٹنگوں کے دوران لگ بھگ 11 لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا اب تک جائیزہ لیا گیا اور لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے عمل کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔