عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر بنک نے ایک اورکامیابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے
MSME بینکنگ ایکسیلنس ایوارڈ (2023) میں ‘بہترین MSME بینک’ کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سلسلے میںایک تقریب کا اہتمام دہلی میں واقع چیمبر آف انڈین مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (CIMSME)میں منعقد ہوا۔ بینک کو ملک میں ’پرائیویٹ بینک‘ کیٹیگری کے تحت سرکاری اسکیموں کو فروغ دینے کیلئے دوسرا بہترین ایوارڈ بھی ملا۔ایم ڈی اور سی ای او بلدیو پرکاش نے جمعرات کی شام نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر (CIMSME) مکیش موہن گپتا اور بینک کے جنرل منیجر (کریڈٹ) آشوتوش سرین کی موجودگی میں جسٹس دیپک ورما کے ہاتھوں یہ ایوارڈ وصول کیا۔
دونوں ایوارڈ بینک کے عملے کے عزم کیلئے وقف کرتے ہوئے ایم ڈی اور سی ای او نے کہا’’میں اس کامیابی کو جے کے بینک فیملی کو منسوب کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں، جن کی انٹرپرینیورشپ اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے مسلسل بڑھتے ہوئے عزم کا اعتراف اور تعریف کی جاتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا’’یہ ایوارڈ MSMEs کو بااختیار بنانے اور ہمارے آپریشنل جغرافیوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کو وسیع کرنے کے ہمارے مشن کی حوصلہ افزائی کو مزید فروغ دیں گے‘‘۔ایم ایس ایم ای سیکٹر میں جامع ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے بینک کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے ایم ڈی اور سی ای او نے کہا’’ایم ایس ایم ای سیکٹر میں شراکت کے لحاظ سے، ہماری تعداد ہمارے الفاظ سے زیادہ بولتی ہے۔ ہم ہمیشہ اس شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سب سے آگے رہے ہیں اور ملک میں MSME کی ترقی کی حوصلہ افزائی کیلئے ہمارے پاس کافی تعداد موجود ہے‘‘۔