ڈوڈہ//سابق آئی اے ایس آفیسر شیخ محبوب اقبال نیشنل کانفرنس کا صوبائی نائب صدر نامزد ہونے کے بعد پہلی بار بھدرواہ پہنچا جس دوران پارٹی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا. ڈاک بنگلہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس کارکنوں نے محبوب اقبال کو پھولوں کی مالا پہنا کر استقبال کیا. اس دوران کانگریس، پی ڈی پی و بھاجپا کے درجنوں کارکنوں و سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہوئے افراد نے محبوب اقبال کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس کا دامن تھام لیا. محبوب اقبال نے اس موقع پر پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ،نائب صدر عمر عبداللہ و صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کرکے صوبائی نائب صدر کی ذمہ داری دی. انہوں نے پارٹی کارکنوں و باالخصوص عبد القیوم باغوان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار طریقے سے ان کا استقبال کیا. محبوب اقبال نے سابق حکمرانوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بھدرواہ کا آج تک صرف استحصال کیا گیا اورزمینی سطح پر کارکردگی مایوس کن ہے. انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کا ضامن واحد نیشنل کانفرنس ہے جو ہر خطہ و طبقہ کو ایک ساتھ چلاتی ہے. انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے. انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں آتے ہی اس خطہ میں انقلابی تبدیلیاں لائے گی. اس موقع پر بلاک صدر بھدرواہ عبدالقیوم باغوان، بلاک صدر بھالہ عبد الحفیظ بٹ، بلاک صدر اٹھکار ارشاد احمد لاوے ودیگر کارکن بھی موجود تھے.