مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں شروع انکاﺅنٹر وتلاشی مہم 9ویں روز بھی جاری رہی جبکہ اس دوران سیکورٹی فورسز نے جنگلات سے ایک مزید بارودی سرنگ باز یاب کر کے اس کو تباہ کر دیا ۔گزشتہ کئی دنوں سے جاری تلاشی مہم کے دوران ابھی تک جنگلات سے 3بارودی سرنگیں باز یاب ہو چکی ہیں جن کو فوج کے ماہرین نے موقعہ پر ہی تباہ کردیا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ ہفتے شروع ہوئے انکاﺅنٹر میں چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے تاہم ابھی تک کوئی بھی ملی ٹینٹ ہلاک نہیں ہوا ہے ۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونودکمار نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیموں کی جانب سے شروع کردہ آپریشن مسلسل جاری ہے جبکہ گزشتہ روز گھنے جنگلات سے ایک مزید بارودی سرنگ باز یاب کی گئی ہے جس کے بعد ابھی تک ملی ٹینٹوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں کی تعداد تین ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بارودی سرنگوں کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن مسلسل چلایا جارہاہے ۔اس دوران کسی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے جبکہ جموں پونچھ شاہراہ کو بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصہ ٹریفک کےلئے مسلسل بند رہا ۔