عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ڈرون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو ڈرون سازی کے لیے ایک مضبوط نظام تیار کرنا چاہیے۔ آئندہ چند برسوں میں ہمیں ڈرون تیاری کے میدان میں عالمی مرکز بننا ہوگا۔دہلی میں منعقدہ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ ان دونوں خطوں میں جاری تنازعات نے ڈرون اور انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی کی اہمیت کو ثابت کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے پوری دنیا روس اور یوکرین کے ساتھ ساتھ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید تنازع کو دیکھ رہی ہے، ہم مستقبل کی جنگوں میں ڈرون اور انسدادِ ڈرون ٹیکنالوجی کے انتہائی اہم کردار کو واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔
ڈرون سازی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ تزویراتی خودمختاری، دفاعی تیاری اور خود انحصاری کے لیے مقامی سطح پر ڈرون کی تیاری کے لیے ایک مکمل نظام ضروری ہے۔ آج ہندوستان میں ایسا ڈرون سازی کا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے جس میں ہم مکمل طور پر خود کفیل ہوں۔اس دفاعی کانفرنس میں ملک کی بڑی دفاعی کمپنیوں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ دفاعی سرکاری اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ موجودہ دور میں ہندوستان کی دفاعی تیاری اور تزویراتی خودمختاری کے لیے ضروری ہے کہ ملک ڈرون سازی میں مکمل خود کفالت حاصل کرے۔ انہوں نے ڈرون کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور دیگر جدید و اہم ٹیکنالوجیز کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی زور دیا۔