بٹہ مالو بس سٹینڈ کے تاجروں کی باز آبادکاری

 سرینگر//جنرل بس اسٹینڈ بٹہ مالو کو پارمپورہ علاقے میںمنتقل کرنے سے جو دکاندار اور تاجرمتاثر ہورہے ہیں اُن کی باز آبادکاری کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میںکل آفیسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر  سرینگر وی سی ایس ڈی اے،ایم ڈی ایس آر ٹی سی،کمشنر ایس ایم سی ،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور ٹریڈرس جوائنٹ کوارڈینیشن کمیٹی بٹہ مالو کے نمائندوں کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنر سرینگر کو نئے پارمپورہ بس اسٹینڈ کے گردونواح کا ایک خاکہ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کو ایک ہفتے کے اندر اندر انہیں پیش کیا جائے۔انہوںنے ایس ڈی او کو تمام دکانداروں اورچھاپڑی فروشوں کی زمرہ بندی کے تحت تفاصیل پیش کرنے کے لئے کہا تاکہ متاثرین کی با ز آبادکاری کے لئے فوری طور پر ایک جامع منصوبہ تیار کیاجاسکے اوراس پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جاسکے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ باز آبادکاری کے اس جامع منصوبہ پر عملدر آمد سے جنرل بس اسٹینڈ بٹہ مالو کے تمام دکانداروں ،تاجروں اور چھاپڑی فروشوں کی مناسب با زآبادکاری کی جائے گی۔