کٹھوعہ // بنی میں آل جموں اینڈ کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن نے تحصیل بنی کے صدر ہدایت ملک کی قیادت میں مطالبات کے حق میں کام چھوڑہڑتال کی- اس دوران سراپااحتجاج پٹواریوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزیر نے انکے مطالبات تسلیم کرانے کی یقین دہانی کی تھی لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا اور سرکار نے انکے مطالبات کو تسلیم نہ کرکے پٹواریوں کو کام چھوڑ ہڑتال کرنے پر مجبور کیا ہے۔ اس موقع پر ہدایت ملک نے پٹوارایسوسی ایشن کے مطالبات پر روشنی ڈالتے ہوئے ۔انہوں نے گریجویٹ پٹواریوں کے حق میں تنخواہ گریڈ بڑھانا، جی کے سرکل بنانا، پٹواریوں اور گرداوروں کے لئے ڈی پی سی منعقد کرنے، براہ راست نائب تحصیلداروں کی تعینات پر روک و پابندی، الاونس میں اضافہ، پٹوار خانہ جات کی تعمیرات ، اور پٹوار خانوں کا کرایہ واگذار کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران مظاہرین نے حکومت پر پٹواریوں کے ساتھ سوتیلا برتاؤ کرنے کا مبینہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پٹواری محکمہ مال کی ریڑھ کی ہڈی ہوتاہے اور دن اور رات اپنے فرائض کو انجام دیتے ہیں لیکن اسکے باوجود سرکار انکے جائز مطالبات کو اندیکھی کر رہی ہے ۔ انہوں نے سرکار سے پُرزور اپیل کی کہ مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے تا کہ عوام پریشان نہ ہوں اورساتھ ہی کہا کہ اگر حکومت جلد پٹوارایسوسی ایشن کے مطالبات کو تسلیم جلد نہیں کرتی تو پٹوار ایسوسی ایشن کو مجبوراً ایک ایسا قدم اْٹھانا پڑیگا جس سے عام لوگ و سرکاری ادارے مفلوج ہو جائیں گے ۔