کٹھوعہ // کٹھوعہ ضلع کی تحصیل بنی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ بالائی علاقوں میں برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے۔ضلع کے مچیڈھی، لاہائی ملہار سمیت بنی کے ڈھگر،کوٹی چنڈھیار، سندرون، بھنڈھار، بانجل، لوانگ، رولکا جیسے بالائی علاقوں میں بھی دیر رات سے برفباری ہورہی ہے۔ اسکے علاوہ بنی کے سیاحتی مقام سرتھل کی اونچی پہاڑیاں نے برفباری کی سفید چادر اوڑھ لی ہے جس کے باعث بنی بھداروا سڑک گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے ۔تحصیل کے پہاڑی علا قوں میں شروع ہو ئی تازہ برفباری کی وجہ سے پانی اور بجلی کی سپلائی متاثر ہو نے کے علا وہ عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔میدانی علا قوں میں جہاں کسانوں کے ایک لمبے انتظار کے بعد بارش ہوئی وہیں میدانوں و پہاڑی علا قوں میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوچکا ہے ۔زراعت کے پیشہ سے وابستہ افراد نے اس کو وقتی ضرورت اور سود مند بارش و برف باری سے تعبیر کیا ۔ تازہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں شدید سردی کی لہروں سے سردی سے بچنے کے لئے لوگ گرم ملبوسات فیرن، کانگڑی دیگر ضروری ساز وسامان وبالن کا استعمال کر رہے ہیں۔