عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں وکشمیر بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے تحت جموں و کشمیر میں امن، خوشحالی اور بڑے پیمانے پر ترقی کے نتیجے میں لوک سبھا انتخابات میں بھاری ووٹنگ ہوئی ہے۔پارٹی کے دیگر سنیئر لیڈران کی موجود گی میں جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران موصوف نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات 2024 میں بمپر ووٹنگ کے لئے پارٹی جموں و کشمیر کے ووٹروں کا شکریہ ادا کرتی ہے۔رینہ نے کہا کہ انتخابی عمل میں لوگوں کی بڑے پیمانے پر شرکت کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں ریکارڈ توڑ ووٹنگ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں ریاسی پارلیمانی سیٹ پر 72 فیصد سے زیادہ ووٹ پول ہوئے ہیں۔ ادھم پور-ڈوڈہ سیٹ پر 68 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ سری نگر پارلیمانی سیٹ پر 40 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ بارہمولہ پارلیمانی سیٹ پر تقریباً 60 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اننت ناگ-راجوری پونچھ پارلیمانی سیٹ پر بھی بمپر ووٹنگ دیکھنے میں آئی۔موصوف نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی پرجوش شرکت کے لئے مبارکباد دیتی ہے اور پارٹی الیکشن کمیشن کے محکمے، سرکاری حکام، فوج، نیم فوجی دستوں، جے کے پی اور دیگر تمام لوگوں کا شکریہ اداکرتی ہے کہ پورے خطے میں پرامن انتخابات کو یقینی بنانے ہر ایک طبقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔رویندر رینہ نے جموں و کشمیر کے ہر ووٹر کی کل 58 فیصد پولنگ حاصل کرنے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک ریکارڈ پولنگ ہے جس نے خطے میں ووٹنگ کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ انہوں نے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کے لیے پہلی بار ووٹروں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہاکہ ’’پرجوش لوگوں کی بمپر ووٹنگ نئے جموں و کشمیر کا ثبوت ہے جو مودی کی قیادت میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے جس کی حکومت دلوں اور دماغوں میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں کامیاب رہی ہے۔رینہ نے کہا کہ ان علاقوں میں 50 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی ہے جو پہلے 2 فیصد یا 4 فیصد کی معمولی ووٹنگ ہوتی تھی ۔