عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ //اتوار کو کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے میں دو افراد کی لاشیں زرعی اوزاروں کے ساتھ برآمد ہوئیں۔ ایک پولیس عہدیدارنے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ بتھیری گاؤں میں دو نامعلوم مرد ایک کھلے میدان میں بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہیں۔ اس کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں کو ہسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔دونوں کی شناخت 37سالہ شمشیر ولد کرشن چند اور 45سالہ روشن ولد شنکر داس ساکنان کوہاگ بلاورکے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے علاوہ زرعی اوزار جیسے سپیڈ، کدال اور چٹائی بھی ملے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔بلاور پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ روشن لال اور شمشیر کی لاشیں گاؤں بتھیری میں ندی کے کنارے سے برآمد کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ متوفی کو نامعلوم افراد نے گلا دبا کر قتل کیا ہے۔افسر نے بتایا کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔