محتشم احتشام
پونچھ//ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے عوامی رسائی کو مضبوط بنانے اور نچلی سطح پر جوابدہ و شفاف طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرماکی صدارت میں بلاک ہیڈکوارٹر بفلیاز میں بلاک دیوس کا انعقاد کیا گیا۔اس عوامی پروگرام میں مقامی باشندوں، پنچایتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے علاقوں سے متعلق بنیادی مسائل، ترقیاتی ضروریات اور عوامی فلاح و بہبود سے وابستہ معاملات براہِ راست ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔پروگرام کی کارروائی سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ فاروق خان نے انجام دی۔انہوں نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلاک دیوس کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دینا، شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر عوام نے بفلیاز ہیلتھ سینٹر تک جانے والی سڑک کی بہتری، پنچایت گھر کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، مڈل اور ہائی اسکولوں کی اپ گریڈیشن، راشن کارڈوں سے متعلق مسائل اور مستحق خاندانوں کو بی پی ایل زمرے میں شامل کرنے جیسے اہم مطالبات پیش کیے تاکہ وہ مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔شرکاء نے پرائمری ہیلتھ سینٹر بفلیاز میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی تعیناتی، مستقل ایمبولینس سروس کی فراہمی اور ہنگامی طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ نوجوانوں نے علاقے میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کا مطالبہ کیا تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر آ سکیں۔
اس کے علاوہ دیہی انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور مجموعی سماجی و معاشی ترقی سے متعلق متعدد دیگر مسائل بھی ضلعی انتظامیہ کی توجہ میں لائے گئے۔پروگرام کے دوران مختلف سرکاری محکموں نے معلوماتی اسٹال قائم کیے، جہاں عوام کو حکومت کی فلاحی اسکیموں، سبسڈی، مالی معاونت، روزگار سے متعلق پروگراموں اور دیگر عوامی خدمات کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک کمار شرما نے تمام شکایات اور مطالبات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ تمام جائز مسائل متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے لیے ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے بالخصوص کسانوں اور دیہی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زراعت، باغبانی، مویشی پروری، بھیڑ بکری پالنے اور دیگر متعلقہ شعبوں میں جاری سرکاری اسکیموں، سبسڈی، مالی امداد اور ہنر مندی کے پروگراموں سے فائدہ اٹھا کر خود روزگار اور معاشی خود کفالت کی جانب قدم بڑھائیں۔اس موقع پر لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر نے بینکاری اور مالی شمولیت سے متعلق مختلف اسکیموں، زرعی قرضہ جات، خود روزگار پروگراموں اور دیگر مالی معاونت کے مواقع پر تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی۔آخر میں مقامی عوام نے ضلع انتظامیہ کی اس عوام دوست پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاک دیوس جیسے پروگرام عوام اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پیش کیے گئے مسائل کا جلد از جلد عملی حل یقینی بنایا جائے گا۔