حیدرآباد//فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے وادی کشمیر کی صورتحال پر کہاہے کہ کشمیر کی صورتحال پر جلد قابو پالیا جائے گا۔فوج صورتحال اور حالات کے مطابق وہاں کام کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام میں بعض غلط معلومات پھیل گئی ہیں جس کے نتیجے میں وہاں کی نوجوان نسل ہتھیار اٹھا رہی ہے ، تاہم مجھے امید ہے کہ وہ عنقریب یہ سمجھ جائیں گے کہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں صحیح نہیں ہے ۔ راوت نے حیدرآباد کی ایرفورس اکیڈیمی ڈنڈیگل میں ہندوستانی فضائیہ کے ایرفورس کیڈیٹس کی تربیت کی تکمیل کرنے والے پائلٹس کی کمبائنڈ گریجویشن پریڈ میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جنوبی کشمیر کے آرونی سیکوریٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان ہوئے تازہ انکاونٹر پر کہا 'جنوبی کشمیر کے کچھ حصے کشیدگی کا شکار ہیں تاہم مناسب جوابی کارروائی کی جارہی ہے تاکہ صورتحال کو قابو میں لانے کو یقینی بنایاجاسکے اور عنقریب صورتحال کو قابو میں کرلیا جائے گا'۔ انہوں نے کہا 'ہم انسانی زندگیوں کا خیال رکھتے ہیں اور اس بات کویقینی بناتے ہیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔ہم ایسی صورتحال سے نمٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں'۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دفاعی انڈسٹری کے قیام کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں انہوں نے پاسنگ آوٹ پریڈ کی سلامی کی۔ انہوں نے کہاکہ فوج ،میک ان انڈیا کے ذریعہ دفاعی آلات کے حصول پر غورکر رہی ۔اس موقع پرانہوں نے مختلف شعبہ جات کے 120گریجویٹ ٹرینی افسر جن میں 25خاتون ٹرینی افسر بھی شامل ہیں، کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ بھی کیا ۔ انہوں نے ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ کے افسروں کو ونگس بھی عطا کئے جنہوں نے ایرفورس اکیڈیمی میں اپنی تربیت کی تکمیل کی ہے ۔ اس پریڈ کے بعد ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں نے دم بخود کردینے والا مظاہر ہ کیا ۔