راجوری //صوبہ جموں کے دیگر اضلاع کیساتھ ساتھ سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ حد متارکہ پر سیکورٹی فورسز کی جانب سے نگرانی عمل کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں نے رواں برس برفباری سے قبل دراندزی کی کوششوں میں اضافہ ہو نے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد صوبہ جموں کی حد متارکہ کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال میں بھی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کیساتھ ساتھ نگرانی عمل میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں تعینات فوجی آفیسران کو علاقہ میں نگرانی عمل کو مزید سخت کرنے کیساتھ ساتھ فوج کو متحرک کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں پیش آئے واقعات کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں مصنوعی نگرانی کے جدید آلات نصب کئے ہوئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تکنیکی طورپر نگرانی کو مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی نا پاک کوشش کو ناکام بنایا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ خطہ پیر پنچال میں برفباری ہونے کے موسم کی شروعات ہو گئی ہے اور آئندہ ایک سے دو ماہ تک شدید برفباری ہوسکتی ہے تاہم سیکورٹی ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس موسم میں دراندازی کے واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خطہ پیر پنچال بالخصوص پہاڑیوں پر مذکورہ موسم میں شدید برفباری ہوتی ہے جس میں پہاڑیوں کو عبور کرنا مشکل ہوجاتا ہے جبکہ ملی ٹینٹ برفباری سے قبل ہی دراندزی کی کوششیں کرسکتے ہیں جس کیساتھ نمٹنے کیلئے احتیاطی اقدامات اٹھائے جارہء ہیں ۔