عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے برفباری اور بارشوں کو اللہ تعالیٰ کی رحمت قرار دیتے ہوئے اس پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بارشیں اور برفباری جہاں قدرت کی نعمت ہیں وہیں عوام کے لئے کچھ مشکلات کا سبب بھی بنی ہیں، جن سے نمٹنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر فاروق نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے اور کلیدی شاہراہوں کو آمد و رفت کے لئے قابلِ استعمال بنانے کے بروقت اقدامات کی سراہنا کی۔ تاہم انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں بھی جنگی بنیادوں پر بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی بحال کرنے کے لئے مزید ٹھوس اور مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اندرونی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا عمل تیز کیا جائے اور گذشتہ شب تیز ہواؤں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا فوری طور پر تخمینہ لگانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ فاروق عبداللہ نے متاثرہ خاندانوں کو بھرپور مالی امداد فراہم کرنے کی بھی زور دار اپیل کی تاکہ وہ اس مشکل وقت سے نکل سکیں۔ انہوں نے پارٹی کے مختلف اضلاع کے ضلع صدور، ایم ایل اے حضرات اور دیگر عہدیداروں کیساتھ فون پر رابطہ کرکے زمینی صورتحال اور حکومت و انتظامیہ کی طرف سے کئے جارہے بحالی اقدامات کی بھی جانکاری حاصل کی۔