سرینگر//پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج المدنی نے کہا ہے کہ اس سال کا بجٹ سماج کے تمام طبقوں کیلئے مرہم کی طرح آیا ہے اور اس سے ریاست اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہوگی۔ اسمبلی میں بجٹ کے پاس ہونے کے بعد مدنی نے کہا کہ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو جموں و کشمیر کو اقتصادی ترقی کی طرف گامزن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسیب درابو نے تمام ریاست کو اقتصادی مضبوطی کی طرف گامزن کرنے کیلئے اپنے پورے تجربے کا استعمال کیا ہے اور بجٹ سے خسارہ اور قرضے بھی کم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے زیادہ ملازمین اورپیداواری طبقے کو فائدہ ہوا ہے جن کو مختلف اقسام کی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر دبائو بجٹ سے ریاست کی ترقی بھی تیزی سے ہوگی جس سے ریاست میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امن و قانون کی مشکلات کے بائوجود بھی محبوبہ مفتی والی سرکار نے ریاست جموں و کشمیر کو خود کفیل بنانے کی کوششیں تیز کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے بجٹ پر بحث کے دوران بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجٹ منصوبوں میں بہتری لانے میں بھی ہاں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار نے اپنی ترقی کیلئے اپنے قدرتی وسائل شروع کرنے کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ریاست کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔