۔28اگست کو بھی یہی بتایا گیا، پچھلے سال بھی یہی کہا گیا، لیکن کام مکمل نہ ہوسکا؟
سرینگر //سردیوں میں بجلی کی مزید طلب کے بیچ محکمہ پی ڈی ڈی کا کہنا ہے کہ اگلے ڈیڑھ ماہ کے دوران میر بازار گرڈ سٹیشن کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور عوام کو 1694 کے بجائے 1850میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی ۔معلوم رہے کہ کشمیر وادی میں بجلی کی طلب اور کھپت کے درمیان ابھی بھی 600میگاواٹ کی تفاوت ہے اور اس تفاوت کو دور کرنے کیلئے حکام نے کئی ایک گرڈ سٹیشنوں پر کام شروع کیا ہے تاکہ گرڈ سٹیشنوں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔ رواں سال بجلی کی سپلائی میں اضافہ ہونے کے بعد بھی وادی کشمیر کے اکثر مقامات پر نا معقول برقی سپلائی نے سنگین رخ اختیار کرلیا ہے۔ سردی کی لہر کے بیچ کئی اضلاع میں اضافی بجلی کٹوتی کے باعث شیڈول سے زائد وقت تک بجلی غائب رہتی ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔محکمہ بجلی کے عہدیداروںنے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے لاسی پورہ گرڈ سٹیشن شروع کر دیا ہے لیکن اس سے بجلی میں اتنا اضافہ نہیں ہوا ۔ تاہم میر بازار گرڈ سٹیشن کی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ہی اگلے ڈیڑھ ماہ کے دوران بجلی کی سپلائی کی موجودہ پوزیشن میں 156میگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔محکمہ کے چیف انجینئر اعجاز احمد ڈار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان گرڈسٹیشنوں کے شروع ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی سپلائی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ گذشتہ سال آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کو کمیشن کیا گیا تھا جس کے بعد محکمہ نے دعویٰ کیا کہ رواں سال محکمہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ بجلی فراہم کر رہا ہے گذشتہ سال1450میگاواٹ بجلی صارفین کو فراہم کی جا رہی تھی ۔میر بازار گرڈ سٹیشن کیا اگلے ڈیڑھ ماہ میں کام شروع کریگا اس پر وثوق کیساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ 28اگست کو اُس وقت لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کو میر بازار گرڈ سٹیشن کا دورہ کرنے کے دوران بتایا گیا تھا کہ صرف ایک ماہ درکار ہوگا اور اسکی صلاحیت میں اضافہ کر کے اسے چالو کیا جائیگا۔انہیں اس بات کی بھی جانکاری دی گئی تھی کہ گرڈ سٹیشن کی موجودہ گنجائش 320 ایم وی اے ہے اور اسے مزید 155 ایم وی اے تک بڑھایا جائے گا اور اس طرح یہ صلاحیت 475 ایم وی اے تک بڑھ جائے گی۔ اس منصوبے کی کْل لاگت 29.53 کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔اُس وقت کے چیف انجینئر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حشمت قاضی نے اضافہ کے عمل کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا تھا کہ میر بازار سے منسلک گرڈ ز کی گنجائش 650 ایم وی اے تک بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے سے لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی اور کہا کہ اننت ناگ ، کولگام ، بانہال ، شوپیاں ، لاسی پورہ کے علاقے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میر بازار گرڈ سٹیشن کے کام کرنے کے بعد پانپور اور زینہ کوٹ کے علاوہ آلسٹینگ پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جاسکے گا۔