گاندربل//ضلع گاندربل میں کئی اہم اندرونی رابطہ سڑکوں پر میکڈم نہ بچھانے پرلوگ انتظامیہ سے نالاں ہیں اوران کا کہنا ہے کہ سردیوں کو موسم شروع ہونے میں اب کچھ ہی دن رہ گئے ہیں اورابھی تک ان سڑکوں پر تارکول نہیں بچھایا گیا۔ باکورہ آلسٹینگ گاندربل کی اندرونی رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہو ئی ہے اور اس پر سفر کرنا وبال جان بنا ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے 8 برسوں سے باکورہ آلسٹینگ رابطہ سڑک پر نہ ہی میکڈیم بچھایا گیا اور نہ ہی کسی حد تک مرمت ہی کی گئی جس کے سبب اس سڑک پرعبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی شہری فیاض احمد بٹ نے بتایا کہ باکورہ آلسٹینگ رابطہ سڑک پر جگہ جگہ گڈھے بن گئے ہیں جن میں بارشوں کا پانی جمع ہوجاتاہے ۔اگرچہ متعدد بار حکام کو سڑک کی خستہ حالی اور میکڈم بچھانے کا مطالبہ کیا گیالیکن حکام لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔انہوں نے ڈویژنل کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک پر میکڈم بچھایا جائے ۔