بانہال//بانہال کے نزدیک ڈار پورہ علاقے میں سوموار کی صبح بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا ایک تیندوہ شام کوعلاج ومعالجہ کے دوران دم توڑ بیٹھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تیندوہ پچھلے کئی ماہ سے بانہال کے گر و نواح میں سرگرم تھا اور اب تک کئی بھیڑبکریوں کو ہلاک کر چکا تھا۔ یہ تیندوہ بانہال کے نزدیک دار پورہ علاقے میں بے ہوش پایا گیا اور اسے موقع پر پہنچے محکمہ جنگلی حیات کے افسران نے شفا خانہ حیوانات بانہال پہنچایا جہاں اس کا علاج ومعالجہ شروع کیاگیا۔ محکمہ جنگلی حیات کے رینج افسر بانہال کا کہنا ہے کہ یہ تندوہ بہت بڑا تھا اور اسے ہوش میں لانے کیلئے بانہال میں ادویات دی گئیں اور یہ تیندوہ جموں منتقل کرنے سے پہلے ہی بانہال میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور تیندوے کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اس کی لاش کو تحصیل مجسٹریٹ بانہال کی موجدگی میں نذرآتش کیا جائے گا۔ ادھر ڈار پورہ ، چنجلو ، ہولن اور بنکوٹ وغیرہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جنگلی درندہ علاقے میں اب تک کئی بھیڑ بکریوں اور مرغوں کو اپنا نشانہ بنا چکا ہے اور سردیاں شروع ہوتے ہی آہستہ آہستہ اس کی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے کو آرہی تھی۔