بانہال // ساڑھے 8 کلو میٹر لمبی بانہال قاضی گنڈ فور لین ٹنل میںمنگل کے روز تیسری بار آزمائشی طور پرٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ چار گھنٹوںتک شام سات بجے تک جاری رہا۔ ٹنل کے اندر منگل کو چلائے گئے ٹریفک کا دورانیہ پہلے دن کے تین بجے سے پانچ بجے تک کا تھا تاہم بعد میں ٹریفک چلانے کا دورانیہ بڑھا کر شام سات تک کیا گیا۔ سینکڑوں مال اور مسافروں گاڑیوں بشمول بسوں نے بانہال قاضی گنڈ فور لین ٹنل کے آرپارسفر کیا ۔چیف منیجر نویگہ انجینئرنگ لمیٹڈ منیب احمد ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل کی تیسری آزمائش کامیابی سے گئی اور دونوں طرف سے چھوٹی بڑی مال ، مسافر گاڑیوں کو ٹنل کے دونوں طرف سے چلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔اس سے پہلے 16 اور 20 جون کو فورلین ٹنل سے دو دو گھنٹوں تک آزمائشی طور ٹریفک چلایا گیا تھا۔