بانہال //بانہال اور قاضی گنڈ کے درمیان فورلین ٹنل میں اتوار کو دوسری بار دونوں طرف سے آزمائشی طور ٹریفک چلایا گیا۔فورلین ٹنل میں آزمائشی طور ٹریفک چلانے کا دورانیہ شام 5بجے سے 7بجے تک دو گھنٹوں تک رہا۔اس دوران سینکڑوں مسافروں، نجی اور فورسز گاڑیاں بھی ٹنل کے آر پار چلیں۔ اس سے پہلے 16 جون کو پہلی بار تعمیر کے آخری مراحل میں فورلین ٹنل سے ٹریفک کو دو گھنٹے تک چلایا گیا۔باور کیا جارہا ہے کہ فور لین ٹنل یکم جولائی کو عوام کے نام وقف کی جائیگی۔ادھراتوار کے روز جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک جام کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا تاہم سہ پہر بعد اس میں کمی واقع ہوئی ۔ سنیچر کی صبح سے رام بن اور بانہال سیکٹر میں متعدد مقامات پر ٹریفک جام کا سلسلہ اتوار سہ پہر تک جاری تھا ۔ مال ، مسافر اور فورسز گاڑیوں کی بھاری تعداد رامسو اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔