بانہال // پیر کی صبح قریب سات بجے جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی ایک تیز رفتار تویرا گاڑی کے حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں منتقل کیا گیا۔ یہ گاڑی بانہال سے چھ کلومیٹر دور جموں سرینگر شاہراہ پر واقع شالگڑی چملواس کے مقام شاہراہ سے لڑھک کر نیچے کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ضلع بارہمولہ کے اْوڑی علاقے سے تعلق رکھنے والے تین سوار زخمی ہوئے ہیں۔ اس حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور جائے واقع سے فرار ہوا ہے اور پولیس اسے ڈھونڈ رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور بانہال والنٹیرز نامی رضاکار تنظیم کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر انہیں بانہال ہسپتال پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تویرا گاڑی زیر نمبر PB01 / 5574 جموں سے سرینگر کی طرف آرہی اور ڈرائیور کی تیز رفتار کی وجہ سے وہ ایک موڑ کو عبور کرنے کے دوران گاڑی سے قابو کھو بیٹھا اور گاڑی چملواس کے شالگڑی علاقے میں سڑک سے لڑھک کر قریب ایک سو فٹ نیچے گہری کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں لعل خان ولد گوہر علی ، مشتاق احمد ولد محمد حسین اور سرفراز احمد ولد محمد حسین تمام ساکنان اوڑی ضلع بارہمولہ زخمی ہوئے اور انہیں ایمرجنسی ہسپتال بانہال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور جائے حادثے سے فرار ہوا ہے اور اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پولیس تھانہ بانہال میں اس حادثے کی نسبت سے ایک کیس درج کیا گیا ہے۔