عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//زبروان کے دامن میں واقع اندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن اپنے آخری بلوم مرحلے میں سیاحوں کا مسلسل رش کھینچ رہا ہے، اب تک تقریباً 3 لاکھ سیاحوں نے باغ کی سیر کی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹیولپ شو 2026 کے 25ویں دن تک تقریباً 2,92,000 سیاح باغ میں داخل ہو چکے تھے۔ ان میں سے تقریباً 135000مقامی اور تقریباً 156000ملکی سیاح تھے اور 800 کے قریب غیر ملکی شہری تھے۔گارڈن کے آفیسر انچارج عمران احمد نے بتایا کہ موسم کی خرابی اور رمضان المبارک کی وجہ سے سیزن کا آغاز سست روی سے ہوا لیکن عید کے بعد اس میں تیزی آگئی۔انہوں نے کہا ” پہلے ہفتے کے دوران، روزانہ اوسطاً 5,000 سے 6,000 لوگوں کی آمدورفت تھی، جن میں زیادہ تر گھریلو سیاح تھے”۔تاہم جیسے جیسے موسم ٹھیک ہوتا گیااس کے بعد تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ موجودہ یومیہ سیاح 10سے 12ہزار کے درمیان ہے۔احمد نے کہا”نتیجتاً، باغ کو 16 مارچ کو، مقررہ وقت سے تقریباً 10 سے 15 دن پہلے کھول دیا گیا تھا”۔انہوں نے مزید کہا ”باغ کھولنے کے بعد سازگار حالات نے بھی شو کے دورانیے کو طول دینے میں اہم کردار ادا کیا”۔احمد نے ٹکٹنگ کی سہولت کے لیے اس سال یو پی آئی پر مبنی ادائیگی کے نظام کے تعارف پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ آمدنی کا ایک اہم حصہ اب ڈیجیٹل ادائیگیوں کے ذریعے حاصل کیا جا رہا ہے، جو کچھ دنوں میں 40 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔انہوں نے کہا”اب تک تقریباً 8,000 سے 10,000 ٹکٹس آن لائن بک ہو چکے ہیں۔ ” انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام سے آنے والے موسموں میں داخلے کے انتظام کو آسان بنانے اور قطاروں میں کمی کی توقع ہے۔