جموں//حالیہ بارش سے انتظامیہ بالخصوص جموں میونسپل کارپوریشن کی نالوں کی صفائی سے متعلق دعوئوں کی پول کھل گئی ہے۔گذشتہ روز بارش کی وجہ سے جانی پور،نیوپلاٹ اورامپھلا علاقے کی سڑکوں پربنے کھڈوں کی وجہ سے لوگوں کوسخت مشکلات کاسامناکرناپڑا۔اس دوران مقامی لوگوں اوردکانداروں نے الزام لگایاکہ یہاں پرجموں شہرکی سڑکیں اس قدربدحالی کی شکارہیں کہ ان میں بنے کھڈے نہ صرف گاڑی ڈرائیوروں کیلئے پریشانی کاباعث ہیں بلکہ بارش کی وجہ سے یہ کھڈے تالاب بن جاتے ہیں جس سے دکانداروں کوشدیدکوفت کاسامناکرناپڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ بارش کاپانی ،ناقص ڈرینج نظام کی وجہ سے متعدد دوکانوں کے اندر چلا گیا ۔دکانداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کی وجہ سے جونقصان انہیں ہواہے اس کامعاوضہ دیاجائے۔دکانداروں کا یہ بھی کہناہے کہ اس سے پہلے سال 2011میں بھی اسی طرح نالہ بند ہو ا تھا تو اس وقت بھی ان کولاکھوں روپے کانقصان ہواتھا ۔انہوں نے کہاکہ وہ پچھلے کچھ برسوں سے اس پریشانی کے حل کی خاطر متعلقہ محکمہ سے رجوع کر رہے ہیں لیکن ان کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔ادھردکانداروں کے علاوہ کچھ لوگوں کے گھروں میں بھی پانی چلاگیا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی کا بہائو اتنا تیزتھاکہ وہ اپنا قیمتی سامان بھی نہ بچا سکے ۔ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں بھی ناقص نکاسی نظام کے باعث انتظامیہ کے تئیں غم وغصہ پایاجارہاہے۔بہترطریقے سے پانی کی نکاسی کانظام نہ ہونے کے سبب لوگوں کوپریشانی کاسامناکرناپڑرہاہے۔لوگوں نے بجلی کی آنکھ مچولی پربھی ناراضگی کااظہارکیاہے۔