بادل پھٹنے وژالہ باری متاثرین کو امداد فراہم

 تھنہ منڈی // بلاک تھنہ منڈی میں گزشتہ روز بادل پھٹنے اور شدید ژالہ باری سے ہو ئے نقصان پر ضلع انتظامیہ راجوری کی طر ف سے متاثرین کو امداد فراہم کی گئی ۔انتظامیہ کی طرف سے متاثرہوئے10کنبوں کو فی کنبہ 35ہزار روپے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ ہلاک ہوئی بھیڑ بکریوں کے مالکان کیلئے4لاکھ روپے منظور ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ ہر ایک خاندان کو ایک خیمہ اور پانچ کمبل فراہم کئے گئے ۔ دریں اثناء ضلع انتظامیہ نے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو تخمینہ رپورٹ پیش کریںگی ۔ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین چوہدری ضلع انتظامیہ راجوری کے ہمراہ تھنہ منڈی پہنچے جہاں ڈاک بنگلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر مقامی معززین و سیاسی کارکنان نے بتا یا کہ بلاک تھنہ منڈی میں منگل کے روز بادل پھٹنے اور شدید ژالہ باری سے میوہ باغات جس میں اخروٹ، ناشپتی، خوبانی، سیب،پلمپ، پیکا نٹ،آڑو کے درختوں کو نقصان پہنچا اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ انہوں نے بتا یا کہ تھنہ منڈی میں گندم کی فصل جو بالکل تیار تھی ،تباہ ہوگئی ۔اسکے علاوہ تمام زمینوں میں دھان کی فصل کے لئے بوئی ہوئی پنیری مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تھنہ منڈی کے بیشتر علاقے میں مکی کی فصل بوئی ہوئی تھی جوژالہ باری اور تیز بارش کے سبب زمین بوس ہو چکی ہے۔انہوںنے بتایاکہ بیشتر تالابوں میں مچھلیاں ہلاک ہوئی ہیں،بجلی اور پانی کا بنیادی ڈھانچہ تہس نہس ہواہے جبکہ بکروال طبقہ کی سینکڑوں بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں۔مقامی لوگوں کے مطابق قصبہ تھنہ منڈی میں متعدد گلی کوچوں کو نقصان پہنچاہے جسکی وجہ سے راہگیروں کا چلنا محال ہوگیاہے ۔امدادی کارروائیوں پر ممبراسمبلی نے ضلع انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ بلاک تھنہ منڈی میں بھر پائی کے لئے حکومت خصوصی پیکیج کا اعلان کرے ۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ نقصان کی بھر پائی کرنے کے لئے بلاک تھنہ منڈی کے متاثرین کو 6 ماہ کا مفت راشن فراہم کیا جائے۔ انہوںنے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کی تباہ حال گلیوں کی از سر نو تعمیر کے لئے اضافی رقومات فراہم کرنے کی مانگ کی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے افسران پر زور دیاکہ وہ نقصان کا تخمینہ لگاکر صاف و شفاف طریقہ سے متاثرین کو امداد فراہم کریں ۔انہوںنے بچائو کارروائیوں میں مقامی لوگوں کی سراہنا کی ۔ اس موقعہ پر اے سی آر راجوری عبدالقیوم میر، سب ڈیویژنل پولیس و سول انتظامیہ تھنہ منڈی اور تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی کے افسران بھی موجو دتھے ۔