بادام واری میں شگوفوں کا نظارہ دیکھنے کیلئے لوگوں کا بھاری رش

سرینگر//موسم بہار شروع ہونے کے ساتھ ہی بادام کے شگوفے کھلنے شروع ہوگئے ہیں اور بادام کے ادھ کھلے پھولوں کو دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد سیاحتی مقامات خاص کربادام واری کا دورہ کرکے قدرتی نظاروں کا لطف اُٹھارہے ہیں۔موسم بہار شروع ہونے کے ساتھ ہی بادام کے باغات میں بادام کے درختوں پر شگوفے کھل اُٹھے ہیںجس کی وجہ سے قدرتی نظاروں میں اور بھی زیادہ نکھار آیا ہے ۔ اس دوران بادام کے شگوفے دیکھنے کیلئے شہر سرینگر کے لوگوں کے علاوہ دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگ ان دنوں بادام واری کی سیر کررہے ہیں اور وہاں پر لگے بادام کے شگوفوں کا نظارہ کررہے ہیں ۔سی این آئی کے مطابق یہاں پر لوگ 50کی دہائی سے پہلے بھی آیا کرتے تھے اور اپنے ساتھ ’’سماوار‘‘ لیکر نمکین چائے (نون چائے )کا لطف اُٹھاتے تھے جبکہ چائے کے ساتھ ساتھ  سنگھاڑے بھی کھاتے تھے ۔ بادام واری ہر برس اپریل میں کھول دی جاتی ہے جہاں پر لوگ بادام کے شگوفوں کا نظارہ کرتے  ہیں ۔