واشنگٹن//امریکی صدر جو بائیڈن نے پیش گوئی کی ہے کہ روس یوکرین پر کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران صدر جو بائیڈن نے کہا کہ روس یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے، دیکھتے ہیں روس یوکرین پر کتنا بڑا حملہ کرتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین پر حملہ کرنے کی روس کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی، روس کو سنگین معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔جوبائیڈن نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ داری مکمل طور پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن پرعائد ہوگی۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد روس کا یوکرین پر حملہ ایسا اقدام ہوگا جس کے دور رس نتائج نکلیں گے۔واضح رہے کہ روس نے 2014میں کریمیا پر حملہ کر کے قبضہ کرلیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن روسی جارحیت کے تناظر میں یوکرائن پہنچ گئے، جہاں انہوں نے دارالحکومت کیف میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے یوکرائن میں اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقات میں ہمسایہ ملک روس کی جانب سے ممکنہ فوجی خطرے کے بارے میں مشاورت کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بلنکن آج برلن اور کل جنیوا میں اعلیٰ سطحی سفارتی ملاقاتوں میں بھی شرکت کریں گے۔ روس نے حال ہی میں اپن فوج بیلاروس منتقل کی ہے۔ روس کی جانب سے جوہری حملے خدشے کے تحت امریکا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماسکو کی جانب سے ایسے اشارے ملے ہیں کہ روسی جوہری ہتھیاروں کو ایسے مقامات پر منتقل کیا جا سکتا ہے جو امریکی ساحل سے زیادہ دور نہ ہوں۔