اے ڈی جی پی جموں کا جعلی فیس بک اکاؤنٹ | پولیس نے لوگوں کو محتاط رہنے کامشورہ دیا

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//پولیس نے پیر کو اے ڈی جی پی، جموں زون آنند جین کے ایک جعلی فیس بک اکاؤنٹ کو اجاگرکرکے لوگوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ آن لائن سرگرمی کی اطلاع دینے کا مشورہ دیا۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایسے کسی بھی اکاؤنٹ سے منسلک نہ ہوں اور معلومات کے لیے جموں و کشمیر پولیس کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے رجوع کریں۔جموں و کشمیر پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاملے میں مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔بیان میں کہاگیا”یہ ہمارے نوٹس میں آیا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون کے نام کا استعمال کرتے ہوئے ایک جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔ یہ دھوکہ دہی ایک سنگین خلاف ورزی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث مجرموں کے خلاف فوری قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے‘‘۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے اور کسی بھی مشکوک آن لائن سرگرمی کی اطلاع حکام کو دیں۔بیان میںکہاگیا’’ہم شہریوں سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ وہ ایسے کسی بھی فراڈ اکاؤنٹس سے منسلک نہ ہوں یا ان کی پیروی نہ کریں۔ کسی بھی سرکاری مواصلت یا معلومات کے لیے، براہ کرم جموں و کشمیر پولیس کے تصدیق شدہ اور جائز سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں‘‘۔