مینڈھر//خطہ پیر پنجال کے اے ٹی ایم نظام میں بہتری کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے اور مشینوں میں پیسے ہوں یانہ ہوں ،صارفین کی بڑی بڑی لائنیں لگنے کا سلسلہ جاری ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے تمام اے ٹی ایم مشینیں خالی پڑی ہیں اور لوگ پریشان حال ہیں ۔اگرچہ جموں کشمیر بنک کے ملازمین کبھی کبھار پیسے مشین میں جمع کرتے ہیں لیکن وہ پل بھر میں ختم ہوجاتے ہیں اور پیسے نکلوانے کیلئے لوگوں کی بھیڑ پہلے سے ہی جمع ہوجاتی ہے ۔حالت یہ ہے کہ لوگوں کو کئی کئی گھنٹے اس بات کا انتظار کرناپڑتاہے کہ کب پیسے جمع ہوںگے اور وہ نکلوائیںگے ۔مینڈھر کے لوگوں کے مطابق اس بارے میں اگر بنک حکام سے شکایت کی جائے تو وہ کہتے ہیں کہ انہوںنے اعلیٰ سطح پر لکھاہے اور جلد پیسوں کی قلت دور ہوجائے گی لیکن یہ بحران دن بدن بڑھتاہی جارہاہے ۔ان کاکہناہے کہ وہ دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور حکومت خاموش بیٹھی ہے ۔اے ٹی ایم نظام کے مفلوج بن جانے سے بنکوں میں رش بڑھ گیاہے ۔لوگوں نے بتایاکہ بھارتیہ سٹیٹ بنک میں اتنا رش ہے کہ مائوں بہنوں کو بھی گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہناپڑتاہے اور شام کے وقت دس ہزار روپے بھی نہیں نکل پاتے۔محمد شکیل ،شوکت علی، جمال دین اور ظفر چوہدری کا کہنا ہے کہ سرکار غفلت کی نیند سے جاگ فوری طور پر اے ٹی ایم نظام میں سدھار لانے کے اقدامات کرے اور صارفین کو اس بحران سے باہر نکالاجائے ۔