نئی دہلی/یواین آئی/ملازمین پروویڈنٹ فنڈ اسکیم تنظیم (ای پی ایف او)کے مرکزی ٹرسٹی بورڈ نے موجودہ مالی سال 2025-26 کے لیے اپنے ای پی ایف اراکین کے کھاتوں میں جمع رقم پر 8.25فیصد شرحِ سود دینے کی پیر کو سفارش کی۔گزشتہ مالی سال میں بھی ای پی ایف پر اتنی ہی شرحِ سود رکھی گئی تھی۔ اس سفارش کو وزارتِ خزانہ کی باضابطہ منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔وزارتِ محنت کے مطابق مرکزی وزیرِ محنت و روزگار منسکھ مانڈویا کی صدارت میں بورڈ کی 239ویں میٹنگ میں 1,000 روپے یا اس سے کم جمع رقم والے غیر فعال ای پی ایف کھاتوں میں دعووں کے خودکار تصفیے کے لیے ایک پائلٹ پروجیکٹ کو بھی منظوری دی گئی۔ اس میں تقریبا 5.68 کروڑ روپے کے 1.33 لاکھ سے زیادہ کھاتوں کے خودکار تصفیے کو شامل کیا جائے گا۔