جموں //نیشنل کانفرنس کے وفد نے ریاستی سکریٹری رتن لال گپتا کی قیادت میں وحشیانہ اور منتخب طور پر قتل کیے گئے استاد دیپک چند کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے ناقابل تلافی نقصان پر تعزیت پیش کی۔وفد نے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کی طرف سے تعزیت کی۔ گپتا نے قتل کو انتہائی گھناو¿نا ، وحشیانہ اور سفاکانہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم مزید افسوسناک ہو جاتے ہیں کیونکہ پرنسپل مسز سپندر کور اور دیپک چند کو سکول کے دیگر اساتذہ سے الگ کر دیا گیا تھا ، بنیادی طور پر ان کی مذہبی وابستگی کی وجہ سے انکو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ۔گپتا نے کہا کہ یہ حملے فرقہ وارانہ پھوٹ اور برادریوں کے درمیان نااتفاقی پیدا کرنے کا ایک بہیمانہ عمل ہے۔ریاستی سکریٹری نے ایک معروف فارمیسی مالک ، ایک وینڈر اور ایک ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی حالیہ ٹارگٹ کلنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وحشیانہ قتل کے پیچھے محض پرامن ماحول کو خراب کرنا اور جموں و کشمیر میں عدم استحکام لانا ہے۔وفد کے ارکان نے مرحوم کی روح کے لیے دعا کی اور وادی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔