راجوری //راجوری ضلع بھر میں نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کررہے سینکڑوں ملازمین نے گذشتہ روزسے 72گھنٹے کی کام چھوڑ ہڑتال شروع کردی ہے ۔ پہلے روز احتجاجی دھرنا چیف میڈیکل آفیسر راجوری کے سامنے دیا گیا جس میں فورم صدر نے مطالبہ دھراتے ہوئے کہا کہ این ایچ ایم میں کام کررہے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ کرنے کے لئے جامع پالیسی مرتب کی جائے تاکہ روز گار فراہم کئے جانے کے ساتھ ان نوجوانوں کو اپنا مستقبل روشن نظر آئے ۔ واضح رہے کہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کررہے ملازمین کو عارضی بنیادوں پر مشاعرہ دیا جارہا ہے جس پر ملازمین کا کہنا ہے کہ مشاہرہ کئی کئی ماہ بعد فراہم کیا جاتا ہے جس سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ وہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی سرکار جاب پالیسی مرتب کرکے ان ملازمین کے مستقبل کو محفوظ کرے تاکہ ملازمین اپنے فرائض منصبی کو مزید خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے پائیں ۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ضلع صدر این ایچ ایم افضل الحق ،ڈاکٹر جاوید شاہ ، آصف میرضلع پروگرام منیجر نے بتایا کہ این ایچ ایم ملازمین نے 72گھنٹے کی کام چھوڑ ہڑتال کال دی ہے جس کے بعد جموں پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ ان ملازمین کی مستقلی کے لئے جامع پالیسی مرتب کرے تاکہ یہ احتجاجی سلسلہ بند ہوسکے ۔