جموں//این ایس یو آئی نے ریاستی سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے ایس آر او 202 کے تحت نئی بھرتی پالیسی کے خلاف یہاں اولڈکیمپس جموں یونیورسٹی سے زور دار مہم کاآغاز کرتے ہوئے دستخطی مہم چلائی۔اس دوران بی ایڈاورپی جی کی مختلف سٹریمس کے طلباء نے دستخط کرکے حکومت کے تئیں ناراضگی کااظہارکیا۔اس موقعہ پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی نائب صدر این ایس یو آئی امجد بٹ نے کہا کہ ایس آر او جموں کشمیر کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے اور پانچ سے چھ ہزار تنخواہ کچھ بھی نہیں ہے اس سے کسی کنبے کا گزارہ ہونا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایس آر او کے جاری ہونے سے تعلیم یافتہ بے روز گار نوجوانوں میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کی توقعات پر پورا اترنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء نے نمائندے ہونے کی حیثیت سے ان کی آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے۔سنی پریہار ضلع صدر،اوجوت سنگھ ، شاہدایوب ،رقیق خان ودیگران نے بھی بے روزگار نوجوانوں اور طالب علموں سے کہا کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر اس ناانصافی کے خلاف زوردار آواز اٹھائیں۔