سرینگر //ڈیویژنل کمشنر کشمیر نے کوویڈ اسپتالوں میں موجود بستروں کا صحیح اور معقول استعمال کرنے کیلئے این آئی ٹی سرینگر اور جے وی سی بمنہ میں کوویڈ ٹریج سینٹر(Traige Centre) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں اسپتالوں میں داخلے سے قبل کورونا متاثرین کا معائنہ ہوگا۔ پی کے پولے نے بدھ کو جاری کئے گئے ایک حکم نامہ زیر نمبر 24ofDivComبتاریخ 5مئی 2021میں لکھا ہے کہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے ٹریشری کیئر اسپتالوں میں مریضوں کا کافی رش بڑھ گیا ہے اور اسلئے سکمز صورہ، سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ، صدر اسپتال سرینگر، کشمیر نرسنگ ہوم، جواہر لال نہرو میموری اسپتال رعناواری اور پرائمری ہیلتھ سینٹر چھانہ پورہ میں موجود بستروں کا معقول استعمال کرنے کیلئے ٹریج سینٹر قائم کرنا لازمی ہوگیا ہے۔ ڈیوژنل کمشنر نے اپنے حکم نامہ میں مزید کہا ہے کہ کورونا متاثرین کو پہلے علاج و معالجہ کیلئے این آئی ٹی سینٹر حضرت بل اور جی وی سی بمنہ میؓں قائم ٹریج سینٹر وں پر ڈاکٹروں سے معائنہ کرانا ہوگا۔ حکم نامہ میں دیگر 9اضلاع کے چیف میڈیکل آفیسران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ تمام اضلاع میں اسی قسم کے ٹریج پوئنٹ قائم کریں اورغیر ضروری طور پر مریضوں کو سرینگر کے ٹریشری کیئر اسپتالوں میں بجنے سے گریز کریں۔ ادھر ڈیوژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے سکمز صورہ، جے وی سی بمنہ، صدر اسپتال سرینگر،سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ، کشمیر نرسنگ ہوم اور جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری میں آکسیجن کی دستیابی اورآکسیجن پلانٹوں کی دیکھ بال کیلئے مذکورہ اسپتالوں میں 5ممبران پر مشتمل آکسیجن آڈٹ کمیٹیاں تشکیل دی ہے جو وقفہ وقفہ پر آکسیجن پلانٹوں کا معائنہ کرکے ممکنہ لیکیج پر نظر گزر رکھنے کے علاوہ آکسیجن کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں گے۔