منڈی//عرصہ دراز سے اپنی مانگوں کو حکومت کے سامنے پیش کرنے والے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کے ملازمین ایک مرتبہ پھر سے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں اور انہوں نے جاب پالیسی و دیگر مطالبات پورے کرنے کی مانگ کی ہے۔ابتداء میں نریگا یونین کی طرف سے دو روز کیلئے ہڑتال کی کال دی گئی تھی تاہم بعد میں اس میں بہتر گھنٹوں کیلئے توسیع کردی گئی اور ملازمین کاکہناہے کہ وہ اپنا احتجاج کسی ٹھوس پیشرفت ہونے تک جاری رکھیں گے ۔واضح رہے کہ سابق حکمران اتحاد نے نریگا ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لیکر ان کے حل کیلئے سفارشات پیش کرنے کے مقصد سے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جسے دو مہینوںمیں رپورٹ پیش کرنے کا کام سونپاگیاتاہم چھ ماہ بعد بھی نریگا ملازمین کے مطالبات اسی طرح پڑے ہیں جن پر کوئی غور و خوض نہیں ہوا۔پونچھ کے لورن ،منڈی ودیگر علاقوں میںدھرنے پر بیٹھے ان ملازمین نے کہاکہ وہ اپنے حقوق کا مطالبہ عرصہ دراز سے کر رہے ہیں لیکن کوئی ان کی مانگ پوری نہیں کررہا۔ان کاکہناتھاکہ ہر بار انہیں یقین دلایاگیا اور وقت ٹالنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل ہوئیں مگر سنجیدگی سے کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جب ریاست کی باگ ڈور گورنر کے ہاتھ میں ہے تو انہیں امید ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر ان کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچائیں گے اور کوئی جاب پالیسی وضع کی جائے گی ۔ان کاکہناتھاکہ ماضی میں انہیں ہڑتال کے وقت یہ وعدے ملتے رہے کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں گے مگر عملی سطح پر کوئی اقدام نہیںہوااور اب کی بار وہ طفل تسلیوں پریقین نہیں کریں گے بلکہ مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھیں گے ۔نریگا ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے عام عوام کو مشکلات کاسامناہے اور ان کے کام کاج نہیں ہورہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ باربار ہڑتال کرنے والے ان ملازمین سے بات چیت کرکے ان کی ہڑتال ختم کروائی جائے۔