نئی دہلی//نئی دہلی میں ایشیاء کے سب سے بڑے ٹریول شو ساوتھ ایشین ٹریول اینڈ ٹوراِزم ایگزبشن میں ریاستی محکمہ سیاحت نے شرکت کی ۔اس شو میں تقریباً ریاست کے ایک سو سے زائد ٹریو ل ایجنٹوں اور ہوٹل مالکا ن شرکت کر کے ریاست میں سیاحتی گنجائشوں کو فروغ دے رہے ہیں۔شو کے پہلے روز سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل اور ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر /جموں اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی ٹریول ایجنٹوں سے بات کر کے ریاست کی سیاحت سے متعلق انہیں جانکاری دی۔سیکرٹری نے کہا کہ ایشیاء کے اس سب سے بڑے ٹورازم شو میں ریاست کی سیاحت کو فروغ دینے سے سیاحوں کی آمد میں کافی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ اس شو میں تقریباً 20ہزار ملکی اور بین الاقوامی ٹریول ایجنٹ ، افسران اور دیگر متعلقین حصہ لے رہے ہیں۔پہلے دِن محکمہ سیاحت نے ریاست کے مختلف سیاحتی مقامات سے متعلق فلمیں چلائیں جبکہ ریاست کی دستکاری اور پکوانوں کو بھی پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ محکمہ نے بروشروں کی صورت میں پبلسٹی مواد بھی تقسیم کیا۔ محکمہ آنے والے دِنوں میں وسیع پیمانے پر ریاست کی سیاحت کو ٹریول شوز او دیگر تشہیری مہمات کے ذریعے فروغ دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔