جموں// سماجی بہبود کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے سٹیٹ مریج اسسٹنس سکیم کے سلسلے میں از سرنو سروے کرانے کی ہدایت دی تاکہ مالی معاونت کی مستحقین غریب لڑکیوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوفہ نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ وزیر نے کہاکہ ازسر نو سروے کی بدولت ایس ایم اے ایس کے تحت اور زیادہ غریب لڑکیوں کو مالی معاونت فراہم کی جاسکے گی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ سروے مارچ کے آخر تک مکمل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے پچھلے دو برسوں کے دوران سکیم کے تحت 9148بن بہائی غریب لڑکیوں میں 35.86کروڑ روپے مالی معاونت کے طور تقسیم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والی غریب لڑکیوں کو 25ہزار روپے کی مالی معاونت اور پانچ گرام سونا دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سماج کے کمزور طبقوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔میٹنگ میں سیکرٹری سوشل ویلفیئرسجاد احمد خان، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ویر جی ہانگلو ، ڈائریکٹر فائنانس اے ایم بٹ اور ضلع سماجی بہبود افسران موجود تھے۔