عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ تعمیر و ترقی اور سیاحت ایک ساتھ چلنے چاہئیں اورترقی کو روک کر سیاحت نہیں چل سکتی۔وہ ائر پورٹ کی جزوی بندوش کے بارے میں میڈیا سے بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آجکل بہت ساری سہولیات میسر ہیں، درجہ حرارت بہت اچھا ہے اس لئے رات کے وقت بھی کام ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا ’’ میں ائر پورٹ اتھارٹی سے اپیل کرتا ہوں کہ رات کے وقت بھی کام ہوسکتا ہے، دن میں ائر پورٹ کھلا رہنا چاہیے۔
بخاری نے کہا کہ یہ شام3بجے کے بعد ہی ائر پورٹ کو بند کردیتے ہیں جو سیاحت کے شعبے کیلئے بہت نقصان دہ ہے کیونکہ یہاں آنے والے لوگ انتظار نہیں کرسکتے۔بخاری نے کہا کہ جواکتوبر کا پلان رہا ہے کہ پندہ دن ائر پورٹ مکمل طور بند ہوگا تو اس سے پوری طرح یہاںکی معیشت بیٹھ جائے گی۔دلی احتجاج کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ یہ این سی کا پروگرام ہے اور ہر ایک پارٹی کو حق ہے کہ احتجاج کرے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ وہ اتحاد کے حق میں نہیں ہیں، اگر اتحاد ہوتا تو جلد حل ہونے کی امید کی جاسکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ابھی اتحاد کی بات کرتے ہیں لیکن یہ لوگ مخلص نہیں، جیسا کہ پگاڑ میں سامنے آیا تھا۔