عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر سرکار نے منگل کے روز کہا کہ حکومت نجی ہسپتالوں کے واجب الادا تقریباً275کروڑ روپے کے واجبات کا جائزہ لے رہی ہے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کو درپیش مالی رکاوٹوں کو تسلیم کرتے ہوئے مرحلہ وار ادائیگی کرے گی۔ یہاں ایک میڈیکل کیمپ افتتاح کے بعد وزیر صحت سکینہ ایتو نے نجی ہسپتالوں کو زیر التوا ادائیگیوں کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے، ذمہ داری کو تسلیم کیا اور کہا کہ حکومت مالی چیلنجوں کے باوجود بقایا واجبات کو ختم کرنے کے طریقہ کار پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا”یہ سچ ہے کہ نجی ہسپتالوں کی ادائیگیاں زیر التوا ہیں، اتنی بڑی ذمہ داری کو کلیئر کرنے میں کافی رقم درکار ہے، حکومت اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور ادائیگیوں کوادا کر دیا جائے گا،”۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔یونین ٹیریٹری کو درپیش مالی حدود کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ انتظامیہ وسائل کی رکاوٹوں سے نمٹ رہی ہے لیکن صحت عامہ کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا “یونین ٹیریٹری میں بہت سے مالی چیلنجز ہیں اور فنڈز کا حصول آسان نہیں ہے۔
تاہم، لوگوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم صحت کی دیکھ بھال کی خدمات سے سمجھوتہ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے،” ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ محرم کے دوران صحت کی دیکھ بھال کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور جموں دونوں ڈویژنوں میں ڈاکٹروں کی چوبیس گھنٹے دستیابی کو یقینی بنانے، ادویات کا مناسب ذخیرہ اور خون کے عطیہ کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو محرم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں قانون سازوں نے شرکت کی جنہوں نے پینے کے پانی کی فراہمی، صفائی اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات سے متعلق مسائل کو اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ادویات اور ڈاکٹروں کی مناسب دستیابی کو یقینی بنایا ہے تاکہ کسی کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تاریخی جامع مسجد کی بحالی پر تبصرہ کرتے ہوئے، ایتو نے پروجیکٹ کی تکمیل میں طویل تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کام بہت پہلے ختم ہو جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے وقف بورڈ پر زور دیا کہ وہ بحالی کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے مطلوبہ فنڈز کو ایک قسط میں جاری کرے۔