اکھنور فائرنگ رینج میں حادثہ

جموں //اکھنور سیکٹر میں فوج کی فائرنگ رینج میں تربیتی مشق کے دوران حادثاتی واقعہ میں ایک سپاہی ہلاک جبکہ 2دیگر زخمی ہوئے۔مہلوک اہلکار کی شناخت آرٹلری رجمنٹ کے سپاہی سیان گوش کے طور پر ہوئی ہے جو رجمنٹ میں بطور گنر کام کررہا تھا۔جموں میں وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس واقعہ میں اسکے دو دیگر ساتھی بھی شدید زخمی ہوئے اور جب تینوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تو گنر سیان گوش زخمیوں کی تاب نہ  لا کر پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔ ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنندنے بتایا کہ یہ حادثہ صبح ساڑھے دس بجے اُس وقت پیش آیا جب فوجی اہلکار معمول کی مشق کے سلسلے میں فیلڈ فائرنگ رینج میں موجود تھے۔جس دوران ابتدائی  تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تربیتی فائرنگ مشق کے دوران 105ایم ایم  بندوق کا بیرل پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی موت واقع ہوئی اور دو کی حالت قدرے مستحکم ہے، جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔