مینڈھر//مینڈھر کے اڑی علاقہ میں پچھلے کئی ماہ سے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ کئی ماہ سے پانی کا نام و نشان نہیں اور محکمہ کیلئے شرمناک بات ہے کہ ماہ صیام میں ان کو پانی سپلائی نہیں کیاجارہا۔انہوںنے کہاکہ انہیں پانی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے کئی قسم کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے اور کئی کلو میٹر دور سے روزہ رکھ کر پانی لانا پڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2016میں سڑک کاکام شروع کیا گیا جس کی وجہ سے پائپیں اکھاڑ دی گئی لیکن اس کے بعد اس وقت تک محکمہ نے پائپوں کو ہاتھ بھی نہیں لگایاجبکہ لوگوں نے کئی بار محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بھی اپیل کی کہ پانی کی سپلائی کو ٹھیک کیاجائے۔انہوںنے کہاکہ افسران پچھلے چھ ماہ سے بس یہی کہہ رہے ہیں کہ پائپوں کی جلد مرمت کرکے پانی کی سپلائی بحال کردی جائے گی لیکن اس یقین دہانی پر عمل نہیں ہورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیںلیکن محکمہ کے ملازمین کو ٹس سے مس نہیں ۔مقامی لوگوں نے کہا کہ فوری طور پائپیں ٹھیک کرکے پانی کا بندو بست کیا جائے نہیںتووہ سڑکوں پر اتر کرمحکمہ کے خلاف احتجاج کریں گے۔ اس سلسلہ میں جب محکمہ کے اے ای ای سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں مینڈھر تعینات ہوئے دو تین دن ہی ہوئے ہیں اور ابھی علاقے کا زیادہ پتہ بھی نہیں ہے ۔ البتہ انہوںنے کہاکہ وہ متعلقہ جے ای سے بات کرکے پانی کی سپلائی بحال کرائیںگے ۔