عظمیٰ نیوز سروس
گوہاٹی//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا، “کانگریس پارٹی نے بدولینڈ کے کئی نسلوں کو جھوٹے خوابوں میں الجھا رکھا تھا۔ جب آپ نے ملک اور آسام دونوں سے کانگریس کو نکالا اور بی جے پی-این ڈی اے کو موقع دیا، تو ہم نے خلوص نیت کے ساتھ اپنی کوششیں شروع کیں۔ جبکہ کانگریس نے اپنی خودغرض سیاست کے لیے مختلف کمیونٹیوں میں اختلافات پیدا کیے، بی جے پی نے دیرپا امن قائم کرنے کی کوشش کی۔وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز آسام کے ضلع کوکراجھار میں 4,570 کروڑ روپے سے زیادہ لاگت کے ترقیاتی منصوبوں کا آن لائن افتتاح کیا۔ یہ اقدام ریاست میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات سے پہلے کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے یہ منصوبے گوہاٹی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شروع کیے، کیونکہ شدید بارش کی وجہ سے ان کا کوکراجھار کا دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔انہوں نے تین نئی ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جن میں کاماکھیا-چارلاپلی امرت بھارت ایکسپریس، گوہاٹی-نیو جلپائی گوڑی ایکسپریس اور نارانگی-اگرتلہ ایکسپریس شامل ہیں۔اس کے علاوہ وزیرِ اعظم نے ضلع کے بشبری علاقے میں ریلوے کی دیکھ بھال کو مضبوط بنانے اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پیریاڈک اوورہالنگ ورکشاپ کے قیام کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔مودی نے آسام مالا 3.0 منصوبے کے تحت بھی آن لائن بھومی پوجن میں حصہ لیا۔ اس بڑے سڑک انفراسٹرکچر منصوبے کے تحت 900 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔