سمت بھارگو
راجوری//لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، آرمی کمانڈر نارتھرن کمانڈ، نے پونچھ کے ہری بدھہ آرمی کیمپ کا دورہ کر کے علاقے میں جاری انسدادِملی ٹینسی آپریشنز، سیکورٹی انتظامات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں کی ہمت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک خدمات علاقے کے سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے دورے کے دوران مختلف یونٹوں کی آپریشنل تیاریوں اور ان کی تعیناتی کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہیں موجودہ سیکورٹی ماحول، سرحدی حالات اور انسدادِملی ٹینسی سے متعلق جاری کوششوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں خاص طور پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، بہتر سرویلنس، تیز رسپانس میکانزم اور بدلتی ہوئی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنائے گئے نئے طریقہ کار کا ذکر کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے اس موقع پر کہا کہ مشکل جغرافیائی حالات، پہاڑی علاقوں اور موسمی رکاوٹوں کے باوجود فوجی جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ قابلیت اور مکمل تیاری کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کو مضبوط بنانے کے لئے فوج کے کردار کو نہایت اہمیت حاصل ہے اور ان کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے۔آرمی کمانڈر نے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے اْن کے حوصلے کو مزید تقویت بخشی اور انہیں یقین دلایا کہ فوج امن اور استحکام کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت اور عوام کے امن کے لئے فوج کی وابستگی اٹوٹ ہے اور تمام تر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان فرض شناسی اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کر رہے ہیں۔فوج کے مطابق اس اہم دورے نے جہاں جوانوں کے حوصلے بلند کیے وہیں آپریشنل سطح پر اٹھائے جا رہے اقدامات کو مزید مؤثر اور تقویت بخشی۔ دورے کے اختتام پر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے افسران اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ مشترکہ کوششوں سے خطے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔