کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں ایک آبپاشی نہر کے خشک ہونے کی وجہ سے دھان کی فصل تباہ ہونا شروع ہو گئی ہے ۔کسانوں نے بتایا کہ علاقہ میں پڑرہی گرمی کی وجہ سے آبپاشی کی نہر ہی خشک ہو گئی ہے جبکہ علاقہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے عام لوگ اپنی فصلوں او ر مویشیوں کیلئے فکر مند ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے دھان کی لگائی گئی پنیری بھی خراب ہونا شروع ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں گزشتہ کئی دنوں سے بارش نہیں ہو ئی جس کی وجہ سے پانی کے قدرتی وسائل آہستہ آہستہ سوکھ رہے ہیں ۔سماجی کارکن زاہد ساگر نے بتایا کہ علاقہ میں قدرتی پانی کے وسائل میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے آبپاشی نہر میں سوکھنا شروع ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نہر کی مدد سے کئی کنال زراعی اراضی کی سینچائی ہو تی ہے لیکن اب فصلیں تباہ ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔مکینوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ کی پانی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عام لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔