ہے فضا سوگوار، اُٹھ جاؤ
میرےدل کے قرار، اُٹھ جاؤ
آج کی تیری اس جدائی سے
جارہی ہے بہار، اُٹھ جاؤ
کھول آنکھیں میں تیری ہی ماں ہوں
سن لےمیری پکار، اُٹھ جاؤ
تجھ کو مہندی لگاؤں گی پہلے
میرےراجہ کمار،اُٹھ جاؤ
راہ تکتی ہے تیری چھوٹی بہن
اس لئے ایک بار،اُٹھ جاؤ
تجھ کو کس طرح ہم نے پالاتھا
سب ہوا تار تار، اُٹھ جاؤ
دیکھ یہ تیرا دوست آیا ہے
یہ بھی ہے اشکبار، اُٹھ جاؤ
تیرے ہی آسرے کا والد بھی
کر رہا انتظار، اُٹھ جاؤ
جو بھی چاہو وہ مانگ سکتے ہو
ہے تجھے اختیار، اُٹھ جاؤ
تیرا جانا یہ اس قدر بیٹے
کچھ نہیں سازگار، اُٹھ جاؤ
کب تلک سو بھی جاؤ گےلوگو
اب نہیں جیت ہار، اُٹھ جاؤ
اشتیاقؔ آخرش یہ گِن لے گا
ایک، دو، تین، چار، اُٹھ جاؤ
اشتیاقؔ کاشمیری
آرونی اسلام آباد،رابطہ: 9906633828