جنیوا// ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریس نے کووڈ-19 کے اومیکرون اور ڈیلٹا ویرینٹس کو دوہرا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کیسز سونامی کی طرح بڑھ رہے ہیں۔مسٹر گیبریس نے کہا کہ کورونا کی ان دو شکلوں کے دوہرے خطرے کے باعث کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اوراسپتالوں میں مریضوں اور اموات کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا"مجھے گہری تشویش ہے کہ ڈیلٹا کی طرح اومیکرون بھی انتہائی متعدی ہے ۔ اس وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ یہ اس تیزی سے پھیل رہا ہے کہ ویکسینیشن کے علاوہ صحت کے رہنما اصولوں کو اپنانا بھی بہت ضروری ہو گیا ہے تاکہ وائرس کے کیسزکو کم کیا جا سکے ۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور ترقی یافتہ ممالک کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا کے الفا، بیٹا، گاما، ڈیلٹا اور اومیکرون کی مختلف اقسام سے سبق حاصل کریں اور 70 فیصد آبادی کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کرنے کی اپیل کی۔نئے وائرس کے باعث یورپ میں صورت حال تشویشناک ہے، جس نے حکومتوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے کیونکہ وہ پابندیاں بھی لگانا چاہتی ہیں اور معاشی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھنا چاہتی ہیں جو کہ پہلے ہی دو سال کے بعد بحال ہوئی تھیں۔امریکہ میں سات روز کے دوران سب سے زیادہ کیسز کی تعداد سامنے آئی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عرصے میں دو لاکھ 65 ہزار چار سو 27 کیسز سامنے آئے۔اسی طرح فرانس میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ دو لاکھ کیسز سامنے آئے جو کہ کرسمس کے روز رپورٹ ہونے والی تعداد سے دو گنا ہے۔فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے سے پیرس میں سب کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ڈنماک اس وقت اومی کرون کے پھیلاؤ میں سب سے آگے ہے، وہاں 23 ہزار دو سو 28 نئے کیسز سامنے ا?ئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ کرسمس کی تقریبات کے بعد اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔پرتگال بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور 24 گھنٹے میں 27 ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ لبنان میں تین ہزار ایک سو 50 کیس سامنے آئے جو روزانہ کی بنیاد پر اب تک کی ریکارڈ تعداد ہے۔برطانیہ میں 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 83 ہزار 37 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ ہسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس بڑھاوے کے باوجود ہسپتالوں میں داخلے کی شرح کم ہوئی تاہم پھر بھی عالمی ادارہ صحت نے حفاظتی اقدامات پر زور دیا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں 50 کروڑ 40 اموات ہو چکی ہیں تاہم پچھلے ہفتے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر اموات کا اوسط چھ ہزار چار سو 50 رہا جو کہ اکتوبر 2020 کے بعد سب سے کم ہے۔