عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع اننت ناگ کے کئی دیہات اچانک آئے تباہ کن سیلابی ریلوں کی لپیٹ میں آ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں دھان کے کھیت اور سبزیوں کے باغات مکمل طور پر برباد ہو گئے جبکہ رابطہ سڑکیں بھی ناقابلِ استعمال بن چکی ہیں۔ متاثرہ بستیوں میں ہنجی ڈانتر، پشوارہ نواتھو، بھانگیدار اور میر ڈانتر شامل ہیں۔سیلابی ریلے نے صرف پانی ہی نہیں بلکہ پہاڑوں سے مٹی، بجری اور بھاری ملبہ بھی اپنے ساتھ بہا لایا، جو اب زرعی زمینوں پر موٹی تہہ کی صورت میں جم گیا ہے۔ اس نے کھڑی فصل کو مکمل طور پر دفن کر دیا ہے اور کبھی زرخیز کھیت اب پتھروں اور کیچڑ کا ڈھیر بن چکے ہیں۔کسان، جو محض چند ہفتوں بعد فصل کی کٹائی کے منتظر تھے، اب بدترین نقصان سے دوچار ہیں۔ دھان کے کھیت، جو یہاں کی بیشتر آبادی کا واحد سہارا ہیں، یا تو شدید متاثر ہوئے ہیں یا مکمل طور پر ختم ہو گئے ہیں۔متاثرہ دیہات کے مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر فصل کے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں بھیجی جائیں، متاثرہ کسانوں کو معاوضہ اور ریلیف فراہم کیا جائے، اور مشینری لگا کر سڑکوں کو بحال کیا جائے تاکہ رابطہ جلد قائم ہو سکے۔